وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چینہ انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے حکومتی نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ بگ ڈیٹا جدید معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے، اور مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا، اور دیگر جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد پر مبنی مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا پائیدار ترقی کے لیے ایک مؤثر منصوبہ بندی کا اہم ذریعہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صوبہ کو مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے مرکز میں تبدیل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے نوجوان دنیا کے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور صوبہ میں ڈیجیٹل گورننس کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بگ ڈیٹا کے مؤثر استعمال سے حکومتی فیصلہ سازی بہتر بنائی جا سکتی ہے اور ماحولیاتی نگرانی، سموگ کے خاتمے میں بھی اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ صوبہ ترقی کے راہ پر گامزن رہے۔