وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتے پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب ایک ایسا صوبہ ہے جہاں ہر شخص کو اپنی عبادات اور عقائد کو بلا خوف و خطر انجام دینے کی آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مختلف مذاہب، ثقافتوں، اور روایات کا حسین گلدستہ رہا ہے اور اسی کی وجہ سے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مذاہب محبت، امن، اور رواداری کا درس دیتے ہیں جو کسی بھی فلاحی اور ترقی پذیر معاشرے کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عقائد کا احترام اور مختلف مذاہب کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہی پائیدار امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔انہوں نے اقلیتی برادری کے لیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے "مینارٹی کارڈ" لانچ کیا ہے جس کے تحت نادار اقلیتی افراد کو سہ ماہی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ، اقلیتی برادری کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں بہتر معیار زندگی فراہم کیا جا سکے۔مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور امن کا پیغام پھیلانا ضروری ہے تاکہ انتہا پسندی کا کوئی گزر نہ ہو اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکے جہاں سب لوگ اپنے عقائد اور ثقافتوں کا احترام کرتے ہوئے یکجا رہ سکیں۔