پنجاب حکومت نے ہنر مندی، فنی تربیت اور روزگار کے فروغ کے حوالے سے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق جاری "ہنرمند نوجوان" پروگرام کے تحت چند ماہ میں 1.8 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے، جن میں سے 75 ہزار سے زیادہ نوجوان عملی میدان میں روزگار حاصل کر چکے ہیں۔تربیت یافتہ نوجوانوں میں سے 27,500 سے زائد ٹیوٹا اداروں سے، 45,000 پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل سے، 1,428 افراد پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت اور 510 طلبہ گارمنٹ سٹی پروگرام کے ذریعے روزگار میں شامل ہو چکے ہیں۔مزید برآں، معاشرے کے نظر انداز طبقے، ٹرانس جینڈرز کے لیے بھی پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت 11,000 ٹریننگ مکمل، 450 کو روزگار ملا اور مزید 1,300 کی تربیت جاری ہے۔ حکومت نے ٹریننگ مکمل کرنے والوں کو مشینیں اور آلات بھی فراہم کیے ہیں۔
تعمیراتی شعبہ میں 24 جدید کنسٹرکشن لیبز قائم کی گئی ہیں، جن کے ذریعے 830 نوجوان تربیت لے چکے ہیں اور 1,178 نوجوان تربیت کے مراحل میں ہیں، جبکہ آئندہ 2,450 نوجوانوں کو جدید تربیت دی جائے گی۔ہاسپیٹلٹی سیکٹر میں بھی ترقی ہوئی ہے، جہاں 96 نوجوان تربیت مکمل کر چکے ہیں اور مزید کی تربیت جاری ہے، اور اگلے مرحلے میں راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں پروگرام شروع کیا جائے گا۔حکومت نے 15,000 سے زائد نوجوانوں کو انٹرنیشنل اداروں میں روزگار فراہم کیا ہے، اور "مریم نواز فری پرواز کارڈ" کی منظوری دی گئی ہے تاکہ ہنرمند نوجوان بیرون ملک روزگار کے لیے جا سکیں۔اسی طرح، "میں ڈیجیٹل" پروگرام کے تحت 3,000 دیہی خواتین کو آئی ٹی تربیت دی جا رہی ہے، جس کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، اور یہ تربیت بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالہ، لودھراں اور فیصل آباد کی خواتین کے لیے ہے۔ ہدف ہے کہ یکم اپریل 2026 تک 2,100 سے زیادہ خواتین کو ڈیجیٹل ٹریننگ دی جائے۔