سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا انقلابی قدم ہے، نوجوانوں کو مالی معاونت اور روزگار کے مواقع دیں گے: شرجیل میمن

سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا انقلابی قدم ہے، نوجوانوں کو مالی معاونت اور روزگار کے مواقع دیں گے: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا صوبائی حکومت کا انقلابی قدم ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، کاروبار اور مالی معاونت کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سندھ یوتھ کارڈ نوجوانوں کو بینکنگ، ڈیجیٹل سہولیات اور مالی معاونت تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پہلے مرحلے میں ایک لاکھ نوجوان مستفید ہوں گے
شرجیل میمن کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کے ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، جبکہ مستقبل میں مستفید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، اسمارٹ فونز، الیکٹرک بائیکس اور کاروباری ضروریات کے لیے رعایتی مالی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔

نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے تحت نوجوانوں کو اسکالرشپس، فنی تربیت، ملازمتوں اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں کو صرف وعدے نہیں بلکہ تعلیم، روزگار اور ترقی کے عملی مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔