حافظ نعیم ملک گیر ہڑتال کی تاریخ کا اعلان آج

 حکومت ڈھٹائی سیپٹرول کی قیمتیں بڑھا رہی ،امیر جماعت، فیصل آباد ، پشاور ، راولپنڈی، سوات میں جلسوں کا اعلان
لاہور(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کو خبردار کیا ہے کہ عوام کے حقوق کی جدوجہد رکنے والی نہیں،ملک گیر ہڑتال کی تاریخ کا اعلان آج کیا جائے گا جبکہ آج فیصل آباد، 30اگست کو راولپنڈی، 31 کو پشاور اور چار ستمبر کو سوات میں جلسے ہوں گے، پی ڈی ایم حکومت نااہل اور کرپٹ ہے، ن لیگ ، پی پی اور ایم کیو ایم کرپشن کا گھنائونا امتزاج ہیں۔ لاہور میں وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر دھرنا کے بارہویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ پمز سے پوری قوم غم میں مبتلا ہے ، انہوں نے بچوں کے جلنے کے اندوہناک واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ امیر جماعت اسلامی نے بارہ ربیع الاول کی رات لاہور دھرنا کے مقام پر سیرت نبی کانفرنس سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد اقامت دین ہے، ہم اتحاد امت کے داعی ہیں، امت کو فرقوں میں تقسیم کرنے والے ہم میں سے نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اخوان المسلمون اور بنگلہ دیش جماعت اسلامی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ مہنگائی اور بدحالی کے باوجود حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں۔ فارم 47 سے اقتدار میں آنے والوں کے ساتھ ساتھ انہیں لانے والے بھی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ قوم کب تک یہ تماشے دیکھتی رہے گی، پورا ٹولہ عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں استعمال شدہ سرنجوں کے استعمال سے بچوں میں ایڈز پھیلنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ یہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ صحت کے شعبے میں بھی حکومتی نگرانی اور انتظامی نظام ناکام ہو چکا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غریب آدمی بچوں کی فیسیں ادا کرے یا بجلی کے بل، آج عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ اس کے برعکس ایک چھوٹا سا طبقہ عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کر رہا ہے۔ حکمرانوں کی مراعات اور عیاشیاں ختم کرنے میں آئی ایم ایف کی کیا رکاوٹ ہے۔ حکومت ڈھٹائی کے ساتھ پٹرول کی قیمتیں بڑھا رہی ہے، اسے لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔ دھرنوں کو مزید وسعت دی جائے گی، لانگ مارچ اور پہیہ جام کے آپشنز بھی موجود ہیں۔ دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کے انتقال پر تعزیت کی گئی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ملاقات کے بعد فیصل کریم کنڈی نے حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان میں وزرا کے استعفے دینے کا رواج نہیں، خیبرپختونخوا میں صحت کا نظام اچھا نہیں اور تحریک انصاف 15 سال سے صوبے میں صحت کا نظام ٹھیک نہیں کر پائی۔ تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے پرائیویٹ ہسپتال چنا، حالانکہ سنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے ہیں اور بیرون ملک سے لوگ علاج کے لیے خیبرپختونخوا آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے پر وہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور پشاور میں جماعت اسلامی کے دھرنے میں جائیں گے، جہاں جماعت اسلامی کے کارکنوں کی مہمان نوازی بھی کریں گے۔