وقتی کمی بیشی قبول نہیں مستقل حل چاہیے، اسلام آباد گئے تو کوئی بات نہیں ہوگی، امیر جماعت اسلامی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی اور پورا ملک بند ہوگا جبکہ اگر اسلام آباد کی طرف گئے تو اپنا موبائل فون بند کردیں گے اور کسی سے بات نہیں ہوگی۔ پشاور میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے ہونے والے دھرنے سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کیا جہاں کارکنوں نے ڈی چوک جانے کے نعرے لگائے، جس پر انہوں نے کہا کہ ڈی چوک جانے کا طریقہ بتاؤں گا لہٰذا کارکن پرعزم اور بڑی جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے بھتے کا خاتمہ ہونا چاہیے، جو لوگ کہتے ہیں جماعت اسلامی کے ساتھ لوگ نہیں نکلتے تو وہ آج پشاور کا دھرنا دیکھ لیں، حکومت نے عوام کا دباؤ محسوس کیا ہے اور ڈیزل کی قیمت 32 روپے کمی کا اعلان کیا ہے یہ عوام کا دباؤ ہے۔