غریبوں کو ٹیکس فری نہیں کرتے، چینی مافیا کیلئے ٹیکس صفر کردیا ، دنیا بھر میں انتظامی ضرورت کے تحت نئے صوبے بنائے جاتے ہیں:امیر جماعت اسلامی کی میڈیا سے گفتگو
حکومت نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال پر مشتمل وفد آج منصورہ میں عہدیداروں سے ملاقات کرے گا
لاہور(آئی این پی )جماعت اسلامی کی اپیل پر آج ملک بھر میں ہڑتال ہوگی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کی قیمت بڑھنے کے بعد اس کی برآمد کی کی اجازت دی گئی، جس کے نتیجے میں قیمت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ عوام کو مسلسل مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس اسٹوریج موجود ہونے کے باوجود پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، ریفائنریز اور آئل کمپنیوں کے ساتھ حکومتی گٹھ جوڑ کا اثر بھی عوام پر ڈالا جاتا ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ کسی صورت قبول نہیں۔دنیا بھر میں انتظامی ضرورت کے تحت نئے صوبے بنائے جاتے، ایم کیو ایم والے 40 سال سے نوراکشی کررہے ہیں۔ آئل کمپنیوں اور حکومت کے گٹھ جوڑ کا بوجھ عوام برداشت کرتے ہیں، غریب لوگوں کو ٹیکس فری نہیں کرتے لیکن چینی مافیا کیلئے ٹیکس صفر کردیا ہے، جماعت اسلامی کی تحریک میں تمام اپوزیشن پارٹیاں ساتھ ہیں‘دریں اثناء جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کیلئے حکومت نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد آج منصورہ میں جماعت اسلامی کے عہدیداران سے مذاکرات کرے گا، حکومتی وفد میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر احسن اقبال شامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے نائب امیر لیاقت بلوچ سمیت دیگر عہدیداران مذاکرات میں شریک ہوں گے