وزیراعظم اور چینی سفیر کی ملاقات، پاکستان چین سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ،زراعت، آئی ٹی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے پراتفاق

مشکل معاشی حالات میں  ساتھ دینے پر کاروباری برادری کا شکریہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینگے شہبازشریف
کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت معیشت مستحکم ہوئی ‘ بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ایسی صنعتوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں جن سے ملکی پیداوار بڑھے، برآمدات میں اضا فہ ہو،  ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں
دورہ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور مفاہمتوں پر تیز رفتار اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، خصوصاً سی پیک2کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے:صنعتکاروں اور چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے  بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کئے جا رہے ہیں، کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم ہوئی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، ایسی صنعتوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں جن سے ملکی پیداوار بڑھے، برآمدات میں اضا فہ ہو،  ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔وزیراعظم سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، یہ ملاقات ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور مالی سال 2026-2027 کے بجٹ کے حوالیسے کاروباری برادری سے مشاورت کے تناظر میں ہوئی۔وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کے سفیر اور دنیا میں ہماری پہچان ہیں، مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کے شکر گزار ہیں، حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، برآمدات پر مبنی  ترقی کی راہ پر گامزن ہیں،  یہی ہماری معاشی پالیسی کا محور ہے، غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، نوجوانوں کیلئے تکنیکی و فنی تربیت کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ انکو روز گار ملنے میں آسانی ہو اور وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔دریں اثناء  وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک 2.0، اقتصادی تعاون، سکیورٹی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا‘وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حالیہ دور ہ چین کے دوران ہونے والی اہم ملاقاتوں کو انتہائی مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا  دورہ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور مفاہمتوں پر تیز رفتار اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، خصوصاً سی پیک 2.0 کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔انہوں نے ہانگڑو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کیے جا سکیں۔اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور ان کے کامیاب دورہ  چین کو دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال اور فولادی دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔