تعلیم، صحت ، تجارت،ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون پاکستان ‘ کرغزستان میں16معاہدے دوطرفہ تجارت 2 ارب ڈالر تک لے جائینگے:شہبازشریف
ٹرانزٹ ٹریڈ،دفاع‘ انسداد منشیات،ورچوئل ایسٹس میں تعاون کے معاہدے کئے گئے‘ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کوجڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ بھی شامل‘صدر اورو زیراعظم کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط
دونوں ممالک کے مابین نئے معاہدے دوطرفہ تعاون کو نئی سطح پر لے جائیں گے، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں: معاہدوں پر دستخط کے بعد شہبازشریف کی گفتگو
شہبازشریف کا صدارتی محل آمد پر پرتپاک استقبال، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی ‘ گارڈ آف آنر پیش ‘ وزیراعظم نے معروف ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر اور کمپلیکس میں یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی
بشکیک(آن لائن‘آئی این پی)پاکستان اورکرغزستان نے تعلیم، صحت ، تجارت،ماحولیاتی تبدیلی،سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے 16 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردیئے ۔ان کے تحت صحت، تعلیم،ٹرانزٹ ٹریڈ،دفاع،سائنس و ٹیکنالوجی، انسداد منشیات،موسمیاتی تبدیلی،ورچوئل ایسٹس کے شعبوںکے تعاون کے فروغ جبکہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا معاہدہ شامل ہیں۔اس حوالہ سے دستاویزات کے تبادلوں کی تقریب بدھ کویہاں کرغزستان کے صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پروزیر اعظم محمد شہباز شریف اورجمہوریہ کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف بھی موجود تھے۔ جمہوریہ کرغز ستان کے صدر صادرژاپاروف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط اور دستاویز کا تبادلہ کیا۔جن معاہدوں اورایم او یوزکا تبادلہ کیا گیا‘۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا ،پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔معاہدوں پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کرغزستان کے صدر صادرژاپاروف نے کہا وزیراعظم شہبازشریف کو بشکیک آمد پرخوش آمدید کہتے ہیں ، پاکستان اورکرغزستا ن کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔کرغز صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات باہمی احترام اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کونئی بلندیوں تک لیجانا چاہتے ہیں، مشکل وقت میں باہمی تعاون اور یکجہتی دونوں ممالک کی دیرینہ روایت ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہترین میزبانی پر کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف کا شکر گزار ہوں، دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے دوطرفہ تعاون کو نئی سطح پر لے جائیں گے،، پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت اور شعبہ سرمایہ کاری میں تعاون کی گنجائش موجود ہے،علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کرغزستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔تجارتی حجم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا ہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں،دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کیلئے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے ، باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔