پاکستان ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا شہبازشریف
پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور برادرانہ روابط پر استوار ہیں‘ دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے:وزیراعظم کی کویت کے وزیر خارجہ سے گفتگو
ٹیکس چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے، ایف بی آر میں تقرریاں اور تبادلے میرٹ پر کئے جائیں گے‘اچھی کارکردگی والے افسروں کی فہرست مرتب کی جائے تاکہ یوم آزادی پر ایوارڈز سے نوازا جا سکے
نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور روزگار کی فراہمی تیز کی جائے،زیر تعمیر دانش سکول مقررہ مدت میں مکمل ، 100 فیصد بورڈنگ، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کو نصاب کا حصہ بنایا جائے:وزیراعظم
اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ عزت مآب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، مواصلات، بحری امور اور پٹرولیم، وزیراعظم کے مشیر اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور برادرانہ روابط پر استوار ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔علاقائی صورتحال پر گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں کویت کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا‘وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر تیز رفتاری اور جامع حکمت عملی کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ملک کے نوجوان قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔یہ ہدایات وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کے دوران جاری کیں‘ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت دانش اتھارٹی بورڈ کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزیراعظم نے بورڈ کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس اہم قومی ذمہ داری قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق بچوں کو یکساں تعلیمی اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز کا قیام اسی مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا تاکہ میرٹ کی بنیاد پر غریب طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام زیرِ تعمیر دانش اسکولز کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، جبکہ تمام نئے اور زیرِ تعمیر دانش اسکولز میں طلبہ و طالبات کے لیے سو فیصد بورڈنگ کی سہولت فراہم کی جائے‘زیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے کہا ایف بی آر میں تقرریاں اور تبادلے صرف میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے اور ہدایت کی ہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی فہرست مرتب کی جائے تاکہ یوم آزادی پر انہیں ایوارڈز سے سراہا جا سکے۔چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں موجود ہوں تاکہ کاروباری برادری کے مسائل بروقت سنے اور حل کیے جا سکیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں ٹیکس کی استعداد کے تخمینے کیلئے ایک جامع و سائنٹیفک طریقہ کار وضع کرکے پیش کیا جائے۔پاور سیکٹر کے ساتھ تعاون سے غیر رسمی معاشی سرگرمیوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد و کارباروں کا تعین کرکے انکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔