فیلڈ مارشل کی آذربائیجان کے وزیرِ دفاع سے ملاقات، دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی (آئی این  پی )آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز(ملٹری) نے  آذربائیجان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو سے ملاقات کی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  لاچین، آذربائیجان میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔  آرمی چیف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کو سراہا  اور آذربائیجان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔