کالکی کیکلاں نے پہلی بار اپنے سابق شوہر اور معروف ہدایت کار انوراگ کشیپ سے علیحدگی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے اور طلاق کے بعد جذباتی اور ذہنی کیفیت پر روشنی ڈالی ہے۔
ایک انٹرویو میں کالکی کیکلاں نے کہا کہ صرف تھراپی کافی نہیں ہوتی، خاص طور پر ایسے رشتوں میں جہاں دونوں فریق ایک دوسرے کو جذباتی طور پر تکلیف دے چکے ہوں۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں کچھ وقت کے لیے مکمل رابطہ ختم کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ انسان خود کو سنبھال سکے۔اداکارہ نے بتایا کہ مشکل وقت میں سب سے اہم چیز اپنے جذبات کو تسلیم کرنا ہے، اور تھراپی اگرچہ مددگار ہوتی ہے لیکن یہ طویل مدت کا عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل تعلق کے بعد علیحدگی آسان نہیں ہوتی، اس لیے کم از کم کچھ عرصہ فاصلہ رکھنا ذہنی سکون کے لیے ضروری ہے۔کالکی کیکلاں کے مطابق غصہ، دکھ اور تکلیف کو دبانے کے بجائے اپنے قریبی دوستوں یا خاندان کے ساتھ بانٹنا زیادہ بہتر ہوتا ہے، جبکہ اسی شخص سے بار بار رابطہ رکھنا جس نے تکلیف دی ہو، جذباتی بحالی کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ماضی کی خوشگوار یادیں بار بار ذہن میں آنے لگیں تو یہ اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ انسان دوبارہ تعلق کے بارے میں سوچنے لگتا ہے، تاہم یہ فیصلہ جذبات کے بجائے سمجھ بوجھ سے کرنا چاہیے۔یاد رہے کہ کالکی کیکلاں اور انوراگ کشیپ کی ملاقات فلم Dev D کے دوران ہوئی تھی، بعد ازاں دونوں نے 2011 میں شادی کی اور 2015 میں علیحدگی اختیار کر لی۔ اب دونوں کے درمیان دوستانہ تعلق قائم بتایا جاتا ہے۔