ملک بھر میں صارفین کے لیے بجلی 1.69 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

ملک بھر میں صارفین کے لیے بجلی 1.69 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان

ویب ڈیسک: ملک بھر کے صارفین کے لیے جولائی کے ماہانہ بلوں میں بجلی 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔

نیپرا کے چیئرمین وسیم مختار کی زیرصدارت جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FPA) کے لیے سماعت ہوئی، جس میں سی پی پی اے کی درخواست پر غور کیا گیا۔ نیپرا نے اعداد و شمار کا جائزہ مکمل کر کے نوٹیفکیشن کے ذریعے حتمی فیصلہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین پر ہوگا، جس سے ستمبر کے بلوں میں صارفین کو مجموعی طور پر 23 ارب روپے تک ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ نیپرا کے اعلامیے کے مطابق یہ کمی صرف ایک ماہ کے لیے ہوگی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزارت توانائی نے ای سی سی کی ہدایات کے تحت ایف سی اے چارج کے نفاذ کی وضاحت کی ہے، اور کے الیکٹرک صارفین سے بھی ڈسکوز کے تعین شدہ چارج وصول کیے جائیں گے۔ نیپرا نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آرا سننے کے بعد ڈیٹا کی جانچ پڑتال مکمل کرنے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نیپرا کے رکن رفیق شیخ نے جولائی میں بجلی کے زیر زمین نظام (انڈر گراؤنڈ) کے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئیسکو ریجن میں 6 افراد ہلاک ہوئے، اور مجموعی طور پر 11 حادثات پیش آئے، جس پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔