ویب ڈیسک: نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 20 روپے فی یونٹ کمی کے لیے ایک فارمولا تیار کرلیا ہے، جس کے مطابق مختلف چارجز اور سرچارجز میں کمی کر کے قیمتوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔
نیپرا نے اس حوالے سے اپنی سفارشات پر مبنی دستاویزات حکومت کو بھیج دی ہیں۔رپورٹ کے مطابق نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی بیلنس آف ٹیرف کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کپیسٹی چارجز اور سرچارجز پر نظرثانی سے بھی نرخوں میں کمی ممکن ہو گی۔ نیپرا کی دستاویزات کے مطابق، فی یونٹ قیمت 45 روپے 6 پیسے ہے، جس میں سے 17 روپے 1 پیسہ فی یونٹ کپیسٹی چارجز ہیں۔اس کے علاوہ، 15 روپے 28 پیسے فی یونٹ ٹیکس اور سرچارجز بھی شامل ہیں، اور تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے 3 روپے 10 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن وصول کیا جاتا ہے۔
ایک پیسہ فی یونٹ مرمت، آمدن کے حصول اور آئندہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے طور پر وصول کیا جاتا ہے، جبکہ ٹرانسمیشن چارجز کے لیے ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ وصول کیے جاتے ہیں۔نیپرا کی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ اگر 7 روپے 52 پیسے کے سرچارجز اور 67 پیسے ایڈجسٹمنٹ ختم کر دیے جائیں، تو بجلی کی قیمت 25 روپے 20 پیسے فی یونٹ بنتی ہے، اور اس قیمت کو کم کر کے 20 روپے 4 پیسے فی یونٹ تک لایا جا سکتا ہے۔