وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سکیورٹی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، بارڈر سکیورٹی اور انسانی سمگلنگ کے شعبوں میں اشتراک کار کے مواقع بھی زیر غور آئے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے محسن نقوی کو حال ہی میں ملنے والے نشان امتیاز پر دلی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں، پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران جانی نقصان پر بھی بات ہوئی، جس پر جین میریٹ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور دہشت گردی کی ہر شکل کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ ترقی کے سفر میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔