محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات، شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی وطن واپسی پر تبادلہ خیال

محسن نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات، شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی وطن واپسی پر تبادلہ خیال

وزارت داخلہ نے برطانیہ سے پاکستان کے مطلوب دو اہم شخصیات، شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

 اس سلسلے میں، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات، سکیورٹی تعاون، باہمی مفادات، اور برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ خاص طور پر، شہزاد اکبر اور عادل راجہ کو فوری طور پر پاکستان کے حوالے کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر کو ایسے پاکستانی شہریوں کے خلاف ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے ہیں، جو پاکستان مخالف پروپیگنڈے اور فیک نیوز پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہزاد اکبر اور عادل راجہ پاکستان میں مطلوب ہیں اور انہیں جلد از جلد ملک واپس لایا جائے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان آزاد اور آزادانہ اظہار رائے کا قائل ہے، مگر کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست اور اداروں کے خلاف بہتان بازی کرے یا بے بنیاد الزامات لگائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی وطن واپسی کے لیے برطانوی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔اس ملاقات کا مقصد، دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی اور قانونی تعاون کو مضبوط بنانا اور مطلوب افراد کی جلد از جلد برطانیہ سے پاکستان واپسی کو یقینی بنانا تھا۔