وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک۔آسٹریلیا تعلقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ، بارڈر مینجمنٹ، کوسٹ گارڈز کے اشتراک اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے حالیہ دہشت گرد حملوں میں پولیس افسران اور فورسز کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ہائی کمشنر نے قذافی اسٹیڈیم کی بحالی اور اسلام آباد کے فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کی قیادت میں شہر میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاکستان میں میرا قیام یادگار رہا، اور لاہور میں دربار بی بی پاکدامن میری پسندیدہ جگہ ہے۔”نیل ہاکنز نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کا بین الاقوامی وقار اور مقام میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ وطن واپس آنے والے غیر قانونی تارکین کو سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔محسن نقوی نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں نیل ہاکنز کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور آسٹریلیا کے ہائی کمیشن کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔