چناب، ستلج اور راوی میں شدید سیلاب کی صورتِ حال، ریسکیو آپریشن جاری:مریم اورنگزیب

چناب، ستلج اور راوی میں شدید سیلاب کی صورتِ حال، ریسکیو آپریشن جاری:مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب، ستلج اور راوی میں بہت بڑا سیلاب آنے والا ہے اور پنجاب حکومت نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ تمام افسران اور ریسکیو ٹیمیں چار دن سے لگاتار کام کر رہی ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے دوران اب تک 12 افراد جاں بحق ہوئے، لیکن یہ اموات کسی غفلت کے باعث نہیں بلکہ قدرتی حالات کی وجہ سے ہوئیں۔ ریسکیو اور امدادی کاموں کی مانٹرنگ جاری ہے اور میڈیا کی مدد سے عوام تک بروقت معلومات پہنچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ملبے سے 6 سے 7 افراد کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے ریسکیو ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے تمام ٹیموں کو شاباش دی گئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے ارکان اسمبلی، وزراء اور ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں۔ کیمپوں میں کھانا فراہم کیا جا رہا ہے اور تقریباً دو لاکھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی کہ سیلابی ریلوں کے نزدیک نہ جائیں اور اپنی سیلفیاں یا تصاویر لینے کے لیے خطرناک مقامات پر نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت عوام کو ہرممکن امداد فراہم کرے گی۔ انہوں نے عوام سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ حکومت ہر قدم پر عوام کے ساتھ ہے اور سب مل کر اس صورتِ حال پر قابو پالیں گے۔