جنوبی پنجاب میں چناب، راوی اور ستلج دریاؤں سے بھارت کی جانب سے آنے والے شدید سیلابی ریلوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا شدید خطرہ ہے۔
تینوں دریاؤں میں جاری خوفناک سیلابی ریلے چند گھنٹوں میں ہیڈ پنجند پہنچنے والے ہیں، جس سے وسیع علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق دریائے چناب کا سیلابی ریلا آئندہ چار گھنٹوں میں ہیڈ پنجند پر پہنچنا شروع ہو جائے گا۔ دریائے ستلج کا سیلابی ریلا تقریباً 26 گھنٹوں میں ہیڈ پنجند تک پہنچنے کی توقع ہے۔ دریائے راوی کا سیلابی ریلا چناب میں شامل ہو کر ہیڈ پنجند تک پہنچے گا۔ماہرین کے مطابق آج بدھ کی صبح ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح مزید بلند ہو جائے گی اور ممکنہ طور پر نہری نظام بند کرنے کا عمل بھی شروع کیا جا سکتا ہے۔
ہیڈ پنجند کو تینوں دریاؤں کے سیلاب سے براہ راست خطرہ ہے اور یہاں سے گزرنے والا پانی دور دور تک پھیلے گا، جس کے نتیجے میں ہزاروں ایکڑ زمین زیر آب آنے کا امکان ہے۔مزید برآں، سینکڑوں گاؤں کے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے، جس سے علاقے کے مکین شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔