اسلام آباد:پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور جرمنی کے وزیر خارجہ ڈاکٹر یوہان واڈےفل کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس رابطے میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی اور اعلیٰ سطح رابطوں کو جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔رابطے کے دوران پاکستان اور جرمنی نے سیاسی، معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے جرمن ہم منصب نے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق اس رابطے کو پاکستان اور جرمنی کے درمیان باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔