وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا ٹیلیفونک رابطہ، سیلاب متاثرین کیلئے تعاون پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا ٹیلیفونک رابطہ، سیلاب متاثرین کیلئے تعاون پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حکومت کے ساتھ بھرپور معاونت کرے گی تاکہ متاثرین کو فوری امداد پہنچائی جاسکے۔وزیراعظم شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے اب تک 500 ٹن سے زائد امدادی سامان متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کیا جاچکا ہے جبکہ حکومت کی تمام متعلقہ ایجنسیاں متاثرہ عوام کی بحالی اور مدد میں مصروف ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔