پاکستان اور روس میں تجارت، توانائی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور روس میں تجارت، توانائی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور روس نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منیلا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور سفارتی رابطوں کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ترجمان کے مطابق پاک روس شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ اسحاق ڈار اور سرگئی لاوروف نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔