وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات، دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری باہمی اعتماد اور اہم قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت پر مبنی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات میں موجود سیاسی ہم آہنگی کو مضبوط اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے برادر عوام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آسان خدمت مراکز کے قیام میں تعاون

گفتگو کے دوران جاری دوطرفہ منصوبوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں آذربائیجان کے ’’آسان خدمت‘‘ نظام کی طرز پر قائم آسان خدمت مرکز پر پیش رفت کو سراہا اور اسے دونوں ممالک کی شراکت داری کے عوام کے لیے عملی فوائد کی مثال قرار دیا۔وزیراعظم کی درخواست پر صدر الہام علیوف نے پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کا نیٹ ورک وسعت دینے کے لیے آذربائیجان کی مکمل معاونت اور مہارت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس تعاون پر صدر علیوف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور یکجہتی کا مظہر قرار دیا۔

علاقائی امن اور سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال

دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر مسلسل مشاورت اور قریبی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے صدر علیوف کو خطے میں امن کے فروغ، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں اور مثبت کردار سے آگاہ کیا۔ صدر آذربائیجان نے مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی اہمیت کا اعتراف کیا۔گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور باہمی مفاد پر مبنی دیرپا تعلقات کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔