ڈیمز کی تعمیر سے سیلاب سے بچاؤ اور سستی بجلی ممکن تھی، ہماری نالائقی ہے کہ نہ بنا سکے: گورنر پنجاب

ڈیمز کی تعمیر سے سیلاب سے بچاؤ اور سستی بجلی ممکن تھی، ہماری نالائقی ہے کہ نہ بنا سکے: گورنر پنجاب

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ اگر بروقت ڈیمز تعمیر کیے جاتے تو آج سیلابی صورتِ حال کا سامنا نہ کرنا پڑتا اور ملک میں سستی بجلی بھی دستیاب ہوتی۔

دریائے راوی کے کنارے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے اعتراف کیا کہ یہ ہماری نالائقی اور نااہلی ہے کہ ہم بڑے ڈیمز نہیں بنا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ منصوبے شروع ہوئے ہیں اور مزید چھوٹے ڈیمز زیر تعمیر ہیں لیکن اب ہنگامی بنیادوں پر اس معاملے کو قومی ترجیح دینا ہوگا۔انہوں نے تجویز دی کہ بجٹ کے مختلف شعبوں سے کٹوتی کرکے ڈیمز کی تعمیر کے لیے وسائل مختص کیے جائیں، کیونکہ یہی واحد حل ہے جس سے نہ صرف سیلابی آفات سے بچا جاسکتا ہے بلکہ توانائی کے بحران کو بھی ختم کیا جاسکتا ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سیلابی پانی کی موجودہ صورتِ حال بلاشبہ مشکلات پیدا کر رہی ہے لیکن یہ اللّٰہ کی طرف سے ایک انعام بھی ہے، کیونکہ اس سے زمین زرخیز ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جسڑ کے مقام پر اگر ریلیف کیمپ موجود نہیں تو فوری ایکشن لیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ 30 سال بعد اتنی زیادہ مقدار میں پانی دریاؤں میں آیا ہے، اس لیے تمام اداروں کو مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور وزیراعظم کے اقدامات کو عوام کی طرف سے شاباش ملی ہے۔