سیلاب میں جانی نقصانات سے بچاؤ ہماری سیاست کا محور ہونا چاہیے: مصدق ملک

سیلاب میں جانی نقصانات سے بچاؤ ہماری سیاست کا محور ہونا چاہیے: مصدق ملک

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور تباہی سے بچاؤ ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے۔

اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران، مصدق ملک نے بتایا کہ 2022 کے سیلاب کا ملک کی 9 فیصد جی ڈی پی کے برابر نقصان ہوا ہے، اور گزشتہ 3 سے 4 سیلابوں میں 4500 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 40 ملین لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے سیلاب سے 31 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں اور اگلے 200 دنوں کے دوران مربوط اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہمارا نکاسی نظام موجودہ موسمی شدت کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہے، اور طویل مدتی حکمت عملی کے تحت 5 سال میں موسمیاتی تبدیلی کے مطابق انفرا اسٹرکچر تیار کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے ارلی وارننگ سسٹم کو فوری طور پر مربوط بنانے کی ہدایت دی ہے، اور تحصیل و ضلع کی سطح پر وارننگ سسٹم فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کو بعد میں وارننگ دی جائے گی، پہلے ان علاقوں کو خبردار کیا جائے گا جہاں خطرہ زیادہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں آبی گزرگاہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، اور دریا کے سیلاب، فلش فلڈ، نکاسی آب سے سیلاب اور کوسٹل تباہی کے مسائل وزیراعظم کے سامنے رکھے گئے ہیں۔