راولپنڈی کی مقامی عدالت نے 15 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے کیس میں دونوں مجرمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں دونوں ملزمان کو بھاری جرمانے اور ہرجانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق مجرم محمد حسیب کو عمر قید کے ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 5 لاکھ روپے بطور ہرجانہ متاثرہ لڑکی کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسی طرح دوسرے مجرم سجاول کو بھی عمر قید، 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 5 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی گئی۔یہ واقعہ جنوری 2025 میں تھانہ کینٹ، راولپنڈی کی حدود میں پیش آیا تھا، جہاں متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔عدالت نے شواہد، میڈیکل رپورٹس اور گواہان کے بیانات کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو سخت سزا سنائی۔ متاثرہ خاندان نے عدالت کے فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔