وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

 دورے کا مقصد سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینا، متاثرین کی امدادی کارروائیوں کا معائنہ کرنا اور بحالی کے اقدامات کو تیز کرنے کے لیے احکامات جاری کرنا ہے۔روانگی سے قبل اور فضائی جائزہ کے دوران وزیراعظم کو چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی، زیرِآب علاقوں اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ متاثرہ آبادی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی وزیراعظم کے ہمراہ لاہور سے نارووال روانہ ہوئیں۔ دورانِ سفر دونوں رہنماؤں کے درمیان سیلابی صورتحال، متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے مسلسل تازہ ترین معلومات فراہم کرتے رہے۔نارووال پہنچنے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو متاثرہ علاقوں کی موجودہ صورتحال، متاثرین کی امداد، بحالی کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مزید بریفنگ دی جائے گی۔ توقع ہے کہ اس دورے کے دوران متاثرین کے لیے نئے ریلیف پیکجز اور بحالی منصوبوں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔