وزیراعظم شہباز شریف نے بونیر میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور فوج متاثرین کے ساتھ ہیں اور ایک ہفتے کے اندر تمام سیلاب سے متاثرہ مقامات کو بحال کیا جائے گا، بجلی ہر جگہ فراہم کی جائے گی چاہے بل ادا ہوا ہو یا نہیں۔
شہباز شریف نے حالیہ بارش اور سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور بتایا کہ خیبر پختونخوا میں 350 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، جبکہ ملک بھر میں طوفانی بارشوں میں مجموعی طور پر 700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے دوران متعدد لوگ ابھی بھی لاپتہ ہیں اور آبی گزرگاہوں پر تجاوزات اور ہوٹل بنانا سنگین غلطی ہے جس کی کوئی معافی نہیں ہو سکتی۔ وزیراعظم نے انجینئرز کی نگرانی میں تباہ شدہ سڑکوں اور پلوں کی مرمت کے کام کا بھی حوالہ دیا۔شہباز شریف نے فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کے افسران نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اہم اقدامات کیے، جبکہ کورکمانڈر پشاور اور دیگر افسران بھی ریلیف آپریشنز میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے اقدامات کی بھی ستائش کی گئی۔وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ حالیہ طوفانی بارشوں کے اثرات سے نمٹا جا سکے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔