ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ شروع کر دیا ہے۔
دونوں رہنما سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیر مقام نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بونیر روانہ ہوگئے، جہاں وہ متاثرہ علاقوں کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 350 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے سب سے زیادہ یعنی 228 ہلاکتیں ضلع بونیر میں رپورٹ ہوئیں۔دوسری جانب، این ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئی ہیں جن میں خیمے، کمبل، جنریٹرز، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ امدادی سامان مقامی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرین تک بروقت پہنچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے مزید امدادی سامان بھی روانہ کیا جا رہا ہے۔حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت، فوج اور فلاحی اداروں کے باہمی تعاون سے متاثرہ افراد کی بحالی اور ریلیف کے کاموں میں تیزی لائی جائے گی۔