گجرات میں تعلیمی ادارے آج بھی بند، وزیراعلیٰ مریم نواز کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ متوقع

گجرات میں تعلیمی ادارے آج بھی بند، وزیراعلیٰ مریم نواز کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ متوقع

گجرات میں سیلابی صورتحال کے باعث آج بھی سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

 ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث حفاظتی اقدامات کے طور پر تعلیمی سرگرمیاں معطل کی گئی ہیں۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آج گجرات کا دورہ متوقع ہے۔ وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی اور متاثرین سے ملاقات کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیں گی۔ادھر سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے سابق حکم میں ترمیم کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن کے مطابق یکم ستمبر سے 5 ستمبر تک تمام ادارے بند رکھنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت یہ حکم اب صرف سرکاری اسکولز پر لاگو ہوگا، جبکہ پرائیویٹ اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔