لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جج منظر علی گل نے کی۔ پولیس نے شیر شاہ کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔شیر شاہ پر 9 مئی 2023 کے جناح ہاؤس حملے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیرِاعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جن میں حساس اور عسکری مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان حملوں میں سب سے سنگین واقعہ کور کمانڈر ہاؤس لاہور (جناح ہاؤس) پر حملہ تھا جسے ریاستی اداروں کے خلاف انتہائی خطرناک اقدام قرار دیا گیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔