خضدار: ٹرالر اور تیل بردار گاڑی میں تصادم ، 3 افراد جھلس کر جاں بحق

کوئٹہ(آئی ا ین پی)بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ سے کراچی جانے والی قومی شاہراہ پر تیل بردار گاڑی اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جھلس کر جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔لیویز حکام کے مطابق حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا، خوفناک حادثہ زہری کراس کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیل بردار گاڑی جو کوئٹہ سے کراچی کی جانب جا رہی تھی، تیز رفتاری کے باعث ایک ٹرالر سے جا ٹکرائی۔تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں فوری طور پر آگ لگ گئی جس نے قریبی علاقے کو دھوئیں کے گہرے بادلوں میں لپیٹ دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گاڑیوں میں موجود تین افراد موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد شدید زخمی حالت میں بچ گئے