حویلیاں کے قریب بس اور ٹرالر میں تصادم، 7 افراد جاں بحق، 14 زخمی

 بس ہنزہ سے راولپنڈی آرہی تھی،ہلاک افراد موقع پر چل بسے،لاشیں اور زخمی ہسپتال منتقل
حویلیاں (آن لائن) ہنزہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس حویلیاں کے قریب ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، جاں بحق افراد کی میتوں اور تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ حویلیاں کے قریب پیش آیا، جہاں ہنزہ سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم ہوا۔ حادثے میں سات افراد موقع پر یا دورانِ امدادی کارروائی جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں اور تمام زخمیوں کو ایوب میڈیکل کمپلیکس اور بے نظیر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔