گوادر میں بجلی و پانی کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات تیز کردئیے گئے
گوادر کی معیشت میں استحکام، ماہی گیری،مقامی روزگار کو تحفظ ملے گا:وفاقی وزیر
گوادر(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر گوادر میں بجلی و پانی کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات تیز کردئیے گئے ہیں، گوادر کے لئے سولر منصوبے کا آغاز کردیا ہے جس کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر سولر منصوبہ جلد فعال ہوگا، گوادر بندرگاہ شمسی توانائی سے چلائی جائے گی، فری زون میں صنعتوں کو بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے بحری امور کا مزید کہنا تھا کہ صنعتی سرگرمیوں کے لئے شمسی توانائی کا استعمال یقینی بنائیں گے، شمسی توانائی سے گوادر کو پانی کی فراہمی ممکن ہوگی، قابل اعتماد شمسی توانائی گوادر کی معیشت میں استحکام لائے گی، ماہی گیری اور مقامی روزگار کو تحفظ ملے گا۔