ثنا ء اللہ مستی خیل پی اے سی کی رکنیت سے مستعفی ، سید نوید قمر نے صدارت سنبھال لی‘فیصل امین گنڈا پور قومی اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے
بیرسٹر گوہر اور سینیٹر علی ظفر بطور پارلیمنٹیرین جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں‘نااہل ارکان کی نشستوں پر بائیکاٹ، پی ٹی آئی کا این اے 129 کا ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ
اسلام آباد‘لاہور (آئی این پی )ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے عمران خان کی ہدایت پر تمام ارکان کو پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا حکم دیا ہے‘پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے ممبر ثنا اللہ مستی خیل نے کہا ہے پارٹی نے تمام کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیاہے۔یہ اعلان کرنے کے بعد ثنا اللہ مستی خیل کمیٹی روم چھوڑکرچلے گئے، کمیٹی ممبران نے پی اے سی اجلاس کی صدارت کیلئے نوید قمرکونامزد کردیا، سید نوید قمرنے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سنبھال لی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو جوڈیشل کمیشن سے بطور ممبر مستعفی ہونے کا حکم دے دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن میں پی ٹی آئی ممبران کی موجودگی کو بے سود قرار دیتے ہوئے انہیں جوڈیشل کمیشن سے مستعفی ہونے کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سینیٹر علی ظفر بطور پارلیمنٹیرین جوڈیشل کمیشن کا حصہ ہیں ‘وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور نے قومی اسمبلی کی 3 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفی دے دیا۔رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے استعفے سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو خط بھیج دیا ‘پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے این اے 129 لاہور کے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا جائے گا جبکہ نااہل ارکان کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔