عیدالفطرکے 3دن پی ٹی آئی کااڈیالہ جیل کے باہراحتجاج کافیصلہ
ہم عید الفطر کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے، پارٹیوں کے اندر کچھ اختلافات ہیں، اس طرح کی چھوٹی رکاوٹیں اتحاد کو متاثر نہیں کریں گی، حکومت بات چیت کرنا چاہتی ہے تو اسے پہلا قدم اٹھانا ہوگا،چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی انٹرویو
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،خصوصی رپورٹ )پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کوئی رعایت نہ ملنے پر عید الفطر کے تین روز اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے سربراہ جنید اکبر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پارٹی کارکن عید الفطر کے تینوں دن اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں گے جہاں عمران خان قید ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت حزب اختلاف کی اہم جماعت کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتی ہے تو اسے پہلا قدم اٹھانا ہوگا اور مذاکرات میں اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ پارٹیوں کے اندر کچھ اختلافات ہیں، جنید اکبر نے کہا کہ اس طرح کی چھوٹی رکاوٹیں اتحاد کو متاثر نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم عید الفطر کے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ ہم عید الفطر کے 3 دن اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کریں۔