بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑنے کا امکان ہے‘سیالکوٹ میں پانی کھڑا ہونے کی زیادہ وجہ مویشیوں کی لاشیں اور کوڑا کرکٹ تھا
طوفانی بارشوں کیلئے تیاری نہیں تھی، جب تک شہروں میں دریاؤں نالوں میںتجاوزات ختم نہیں کرینگے ایسی صورتحال رہے گی:میڈیا سے گفتگو
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پانی کا خطرہ ابھی کم ہوا ہے لیکن ٹلہ نہیں ہے دوبارہ سیلاب آنے کا اندیشہ ہے، پانی میں بھارت کے لوگوں کی لاشیں بھی بہہ کر آئی ہیں۔سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ بارش کی ماضی قریب میں مثال نہیں ملتی، اس سے پہلے کبھی اتنا پانی نہیں آ یا، بھارت کی طرف سے مزید پانی رلیز ہونے کی امکانات ہیں۔ بھارت نے اس سے پہلے دو دفعہ پانی رلیز کیا ہے جس کا انہوں نے ہمیں بتایا ہے مزید بارشیں ہوئیں تو خطرہ ابھی ٹلہ نہیں ہے، پانی کافی حد تک اتر گیا ہے، نالوں کے نزدیک جو گھر ہیں ان گھروں میں پانی ابھی کھڑا ہے، پانی کا خطرہ ابھی کم ہوا ہے لیکن ٹلہ نہیں ہے، دوبارہ خواجہ آصف نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کوششیں کر رہی ہے کہ جتنی جلدی ہو پانی نکل جائے، پانی کھڑا ہونے کی زیادہ وجہ مویشیوں کی لاشیں اور کوڑا کرکٹ پھینکا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے آنے والے پانی میں مجھے شہریوں نے بتایا کہ اس میں بھارت کے لوگوں کی لاشیں بھی بہہ کر آئی ہیں۔وزیر دفاع نے کہا میں سمجھتا ہوں اس معاملے میں اس طرح کی طوفانی بارشوں کے لئے تیاری نہیں تھی، میں سمجھتا ہوں شہروں میں دریاؤں نالوں میں جب تک تجاوزات ختم نہیں کریں گے، ایسی صورتحال رہے گی۔سیالکوٹ میں دو تین نالے جو گزرتے ہیں، سارے جہاں کا گند اس میں ہے، میں سمجھتا ہوں ایڈمنسٹریشن کا قصور ہے جو اس کو نہیں دیکھتی، سیوریج کے نظام میں تبدیلیاں کی جائیں تو آئندہ ہونے والی بارشوں سے ہم نمٹ سکتے ہیں۔