اب فیصلہ کن معرکہ ہوگا، پی ٹی آئی پھر کبھی اسلام آباد کا رخ نہیں کرے گی خواجہ آصف

پی ٹی آئی والے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دے رہے ہیں، کیا ان کے بھی عزائم وہی ہیں،  وفاق یا پاکستان اس طرح کی چیزوں کا متحمل نہیں ہو سکتا
 اسلام آباد میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘مکہ معاہدے میں ایران کو شامل کرنے کی تجویز فی الحال زیر غور نہیں:وزیردفاع کا انٹرویو
نیویارک (آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف والے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سومنات کے مندر سے تشبیبہ دے رہے ہیں لیکن یہ ان کی آخری کوشش ہوگی، اس کے بعد یہ لوگ اس طرح کا رخ نہیں کر سکیں گے۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں شامل وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ یہ پی ٹی آئی والے اسلام آباد کو سومنات سے تشبیہ دے رہے ہیں، کیا ان کے بھی عزائم وہی ہیں، اسلام آباد ایک بڑی اسلامی اور ایٹمی ریاست کا دارالخلافہ ہے، اس پر اللہ نے چاہا تو یہ ان کی آخری کوشش ہوگی، اس کے بعد یہ اس طرف رخ نہیں کر سکیں گے، اب یہ فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ پی ٹی آئی والے نا ہی آئیں، وہ بھی فیصلہ کن بات ہوگی، اب وفاق یا پاکستان اس طرح کی چیزوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا  مکہ معاہدے میں توسیع یا ایران کو اس میں شامل کرنے کی فی الحال کوئی تجویز زیرِ غور نہیں ہے۔  معاہدے کا ڈھانچہ مکمل ہونے کے بعد اگر کسی نئے ملک کی شمولیت کی خواہش سامنے آتی ہے تو تینوں رکن حکومتیں اس پر غور کرسکتی ہیں۔