قیمتوں کے تعین میں تاخیر کے باعث کئی ادویات کی مارکیٹ میں قلت تھی
ادویات میں کینسر، دل کے امراض، ٹرانسپلانٹ اور مختلف ویکسینز شامل ہیں
اسلام آباد،لاہور(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی حکومت نے طویل انتظار کے بعد 35 نئی ضروری اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کے تعین کی منظوری دیدی جبکہ مزید 45 ادویات کی منظوری بھی جلد متوقع ہے، اس فیصلے کا مقصد ملک بھر میں ادویات کی شدید قلت کو ختم کرنا ہے جس سے مریضوں کو علاج میں مشکلات کا سامنا تھا۔ذرائع کے مطابق قیمتوں کے تعین میں تاخیر کے باعث کئی اہم ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں تھیں اورمریض مہنگی اور غیر معیاری سمگل شدہ ادویات پر انحصار کرنے پر مجبور تھے۔ ان ادویات میں کینسر، دل کے امراض، ٹرانسپلانٹ اور مختلف ویکسینز شامل ہیں، ان ادویات کی عدم دستیابی کے باعث خاص طور پر کینسر، ہیموفیلیا اور دیگر سنگین بیماریوں کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔