اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کے تعین میں شفافیت پر زور دیا ہے ۔ جمعہ کو وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کابینہ کمیٹی برائے ادویات کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈرگ پرائسنگ کمیٹی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ)کی پالیسی بورڈ کی سفارشات پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کے فیصلوں میں مکمل شفافیت، ثبوت پر مبنی اور مشاورت کا عمل اختیار کیا جائے۔ انہوں نے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مریضوں کو ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ فارمیاسیوٹیکل انڈسٹری کی پائیداری کو بھی متوازن طور پر دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔