52 جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں کابینہ کی منظوری کی منتظر

وزارت صحت نے وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی منظوری کے باوجود 52 اہم اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مقرر نہ ہوسکیں، وزارت صحت نے قیمتوں کی وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب شریک ہوں گے، جبکہ وفاقی سیکریٹری صحت اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ بھی ملاقات میں موجود ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 52 جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی پہلے ہی منظور کرچکی ہے، تاہم وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ان ادویات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکتا، کابینہ کی منظوری کے بعد ڈریپ ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتیں مقرر کرے گا۔