جان بچانے والی 52 نئی ادویات کی قیمتیں رواں ماہ مقرر ہونگی

وزیراعظم سے وزیر صحت، خزانہ اور سی ای او ڈریپ کی آج ملاقات متوقع
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)جان بچانے والی 52 نئی ادویات کی قیمتیں رواں ماہ مقرر ہونے کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر صحت، ڈریپ حکام کی ملاقات طے پا گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر صحت، خزانہ اور سی ای او ڈریپ کی آج ملاقات متوقع ہے اس اہم ملاقات میں ہارڈ شپ کیسز، 52 نئی ادویات کی قیمتوں پر بریفنگ دی جائیگی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ حکام کا وزیراعظم سے ملاقات کا مقصد 52 ادویات، ہارڈ شپ کیسز پر حمایت حاصل کرنا ہے۔جن امراض کی نئی دوائوں کی منظوری دی گئی ہے، ان میں کینسر، شوگر، ہیموفیلیا، آٹو ایمیون ڈس آرڈر، انتہائی نگہداشت، سنگین انفیکشن، امراض خون، ہنگامی علاج میں استعمال کی ادویات شامل ہیں۔ڈریپ پالیسی بورڈ، پرائسنگ کمیٹی 52 نئی ادویات کی منظوری دے چکی ہے جبکہ کیبنٹ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی نے 24 جولائی کو 52 نئی ادویات کی منظوری دی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ مختلف امراض کی 100 کے قریب ادویات کے ہارڈ شپ کیسز زیر التوا ہیں۔ کابینہ سے منظوری پر ڈریپ نئی ادویات کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔