حادثات ، واقعات 4افراد ہلاک

لاہور(کرائم رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات میں 4افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں حادثات اور طبعی اموات کے کیسز شامل ہیں۔ایدھی ذرائع کے مطابق اسلام پورہ کے علاقے حیدر روڈ پر ایک گھر سے 50 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاش دو روز پرانی معلوم ہوتی ہیہربنس پورہ میں ایک خاتون اس وقت شدید زخمی ہو گئی جب اس کا دوپٹہ موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا۔ خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 35 سالہ عفت بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئی۔ اسی طرح فیروزپور روڈ پر تماثیل تھیٹر کے قریب سے تقریباً 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ نشے کا عادی تھا، تاہم اس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔سنگھ پورہ منڈی کے قریب بھی 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کے بارے میں ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ بظاہر نشے کی زیادتی کے باعث جاں بحق ہواپولیس اور تحقیقاتی اداروں کی کارروائی کے بعد تمام لاشوں کو ایدھی رضاکاروں نے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے جبکہ مختلف واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔