گرمی میں بجلی بند، شہری نکو نک

 لاہور میں درجہ حرارت 40 ڈگری ہو گیا ،مئی ،جون میں شدید ترین گرمی کاالرٹ ، پارہ52 ڈگری تک جانے کا خدشہ 
لاہور ،اسلام آباد(کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ )ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ،لاہور میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ گیا ،اس دوران مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی کی گئی،دیہی علاقوں میں 4سے 5 گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال مئی اور جون کے مہینے گرم ترین ہونے کا امکان ہے،جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے جبکہ دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کریں ،تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم لاہور، مری ، جہلم، حافظ آباد ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے بعض علاقوں اورخیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان،اسلام آباد،خطہ پوٹھوہار ،گلگت بلتستان ، کشمیر اور بالائی سندھ میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علا قوں میں موسم گرم اور خشک رہا ، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27اور زیادہ سے زیادہ40 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کی شرح 40فیصدریکارڈ کی گئی ،اسی طرح لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 103فیصد رہی سندھ کے کئی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی وجہ سے شہری گھروں تک محدود ہو گئے ،پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد48، جیکب آباد،سکرنڈ،خیرپور،دادو،موہنجو داڑو اورلاڑکانہ میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف موہنجو داڑو اور ملتان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔علاوہ ازیں لاہور میں موسم کی تپش بڑھتے ہی بجلی کی طلب میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوگیا اور لیسکو کے سسٹم پر دبائو بڑھ گیا ،گنجان آباد علاقوں گڑھی شاہو، مغل پورہ ، اقبال ٹائون کے رہائشیوں کا مئوقف ہے کہ اس دوران علاقہ میں ایک مرتبہ پھر دو سے چار گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔