روزانہ 100 سے زائد ٹرانسفارمرز خراب،بجلی گھنٹوں بند رہنے لگی ،موسم گرم رہنے کا امکان:محکمہ موسمیات
لاہور (کرائم رپورٹر )گرمی کی شدت بڑھتے ہی لیسکو ریجن میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار اور بدترین لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہوگئے ، لوڈ بڑھنے سے لیسکو کے اوور لوڈڈ ٹرانسفارمر پٹاخوں کی طرح پھٹنے لگے، گرمی کے باعث لیسکو ریجن میں روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 100 سے 120 ٹرانسفارمرز خراب ہورہے ہیں، شاہدرہ،گلشن راوی، بند روڈ، حمزہ ٹائون،نشرکالونی، کاہنہ،فیروز والا ،ہربنس پورہ، گڑھی شاہو،قلعہ محمدی، والٹن روڈ،شاد باغ، شاہ عالم کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بندرہی ، متعدد علاقوں میں صارفین کو اپنی مدد آپ کے تحت ٹرانسفارمرز مرمت کروانے پڑے ،گڑھی شاہو کے علاقہ میں بھی رات بھر بجلی بند رہی، دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم شام/رات کے اوقات میں کشمیر، با لائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔گزشتہ روز جیکب آباد میں درجہ حرارت 52، سبی، دادو میں 50، رحیم یار خان، کوٹ ادو 49اور بہاولپور میں48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔