نواز شریف آئی ٹی سٹی انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اہم پیشرفت

نواز شریف آئی ٹی سٹی انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اہم پیشرفت

لاہور: نواز شریف آئی ٹی سٹی (NSIT) منصوبے کے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

 سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (CBD) اتھارٹی نے این ایس آئی ٹی منصوبے کے لیے بارہ ارب روپے مالیت کے ٹینڈرز کھول دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق این ایس آئی ٹی کے انفراسٹرکچر منصوبے کو تین پیکجز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ سی بی ڈی نے چند روز قبل منصوبے کی تکنیکی بولیاں (ٹیکنیکل بڈز) کھولی تھیں اور آج مالی بولیاں (فنانشل بڈز) بھی کھول دی گئی ہیں۔چار ارب روپے مالیت کے پیکج ون کے لیے میکسنز کنسٹرکشن کمپنی نے سب سے کم بولی دی ہے۔ تین ارب ساٹھ کروڑ روپے کے پیکج ٹو میں سب سے کم بولی حبیب کنسٹرکشن سروسز نے دی، جبکہ تین ارب نوے کروڑ روپے کے پیکج تھری کے لیے حبیب کنسٹرکشن اور آئی کین کمپنی کے اشتراک نے سب سے کم بولی جمع کروائی ہے۔

این ایس آئی ٹی منصوبے کے تحت روڈ انفراسٹرکچر، ڈرینج اور سیوریج کے کام انجام دیے جائیں گے۔ سی بی ڈی نے اب مالی بولیوں کی جانچ (فنانشل بڈ ایویلیوایشن) کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے بعد کامیاب کمپنیوں کو باضابطہ منظوری کا تحریری لیٹر جاری کیا جائے گا۔یہ پیشرفت لاہور میں جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔