ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں "نواز شریف آئی ٹی سٹی" منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی (STZA) سے منظور شدہ پنجاب کا پہلا ادارہ بن چکا ہے۔اجلاس میں سی بی ڈی (سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ) کے سی ای او عمران امین نے منصوبے سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کے بڑے اور معروف بین الاقوامی آئی ٹی گروپس نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ سلیکون بلاک میں 23 بڑی آئی ٹی کمپنیاں ادارے قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اجلاس میں مزید انکشاف کیا گیا کہ:
لندن کا معروف ایمپیریل کالج، نووے کیئر کے اشتراک سے ایک جدید میڈیکل کالج اور اسپتال قائم کرے گا۔
نیٹ سول، پاکستان کی پہلی جامع آئی ٹی یونیورسٹی اسی آئی ٹی سٹی میں قائم کرے گا۔
روٹس گروپ، برطانیہ کی وارک یونیورسٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ قائم کرے گا۔
ڈیٹافورٹ اور ماری ٹیک، ٹیئر تھری اور ٹیئر فور ڈیٹا سینٹرز کی تنصیب کریں گے۔
ڈیٹاروکز، پنجاب میں پہلی STZA سے منظور شدہ لیب قائم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کو مزید مؤثر اور تیز تر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لیے آئی ٹی انقلاب کی بنیاد ثابت ہوگا۔