اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہروں اور قصبوں میں مسائل کے حل اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ٹی چوک پر اقبال فلائی اوور اور ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کی سہولت کے لیے ایسے منصوبے انتہائی اہم ہیں اور سفر کے دوران بہترین سہولتیں خوش آئند ہیں۔وزیراعظم نے منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دو سال بعد عوام کو ایک نیا اسلام آباد دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اسلام آباد کی ترقی کے لیے وژن 2027 پر عملدرآمد جاری ہے۔وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ اقبال چوک فلائی اوور صرف 77 روز کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، اور منصوبے کے اطراف میں 3 ہزار نئے پودے اور درخت لگائے گئے ہیں۔