فیصل آباد: فن لینڈ میں 12 سالہ بچی جھولے سے گر کر جاں بحق، انکوائری کمیٹی تشکیل

فیصل آباد: فن لینڈ میں 12 سالہ بچی جھولے سے گر کر جاں بحق، انکوائری کمیٹی تشکیل

ویب ڈیسک:فیصل آباد کے تفریحی مقام "فن لینڈ" میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 12 سالہ بچی جھولے سے گر کر جاں بحق ہو گئی۔

 واقعہ کے بعد فن لینڈ کو سیل کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور سول ڈیفنس آفیسر کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کو پیش کرے۔

مقدمہ درج، ذمہ داران نامزد
واقعہ کے بعد بچی حمنہ مصطفیٰ کے والد کی مدعیت میں فن لینڈ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فیصل آباد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ درج ایف آئی آر میں جھولا آپریٹر، منیجر اور ٹھیکیدار قیصر کو نامزد ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

واقعے کی تفصیلات
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فن لینڈ میں حفاظتی اقدامات میں سنگین غفلت برتی گئی جس کے باعث "ڈسکوری" جھولے سے بچی نیچے گر کر جاں بحق ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق جھولے کے حفاظتی نظام میں تکنیکی خرابی تھی جس کی بروقت درستگی نہ ہونے پر یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔

انتظامیہ کا ردعمل
واقعہ کے فوری بعد انتظامیہ نے فن لینڈ کو بند کر کے مزید جھولے چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی اقدامات کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔