فیصل آباد میں پرانی دشمنی کے باعث خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ، 8 سالہ بچی اور 2 خواتین جاں بحق

فیصل آباد میں پرانی دشمنی کے باعث خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ، 8 سالہ بچی اور 2 خواتین جاں بحق

فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 250 عباس میں پرانی دشمنی کے باعث خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں 8 سالہ بچی اور 2 خواتین جاں بحق ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، 8 سے 10 مسلح افراد نے پرانی دشمنی کے الزام میں خانہ بدوشوں کی جھگیوں پر دھاوا بولا، اور خواتین کی مزاحمت پر فائرنگ شروع کر دی۔ اس واقعہ میں 55 سالہ زبیدہ بی بی، 35 سالہ عاصمہ اور 8 سالہ مسکان موقع پر جاں بحق ہوئیں، جبکہ 3 سالہ بچی کو چہرے پر گولی لگنے سے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حملہ آوروں نے مبینہ طور پر ایک 15 سالہ لڑکے کو اغوا بھی کر لیا ہے۔ ملزمان کو شک ہے کہ قصور میں پولیس مقابلے کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع خانہ بدوشوں نے پولیس کو دی تھی۔واقعے کے بعد پولیس نے لاشیں تحویل میں لے لیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اور سی پی او فیصل آباد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔پولیس کے ترجمان کے مطابق، سینیئر افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔ سی پی او فیصل آباد نے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کا یقین دلایا ہے۔